1. اس فورم پر جواب بھیجنے کے لیے آپ کا صارف بننا ضروری ہے۔ اگر آپ ہماری اردو کے صارف ہیں تو لاگ ان کریں۔

نئی تحقیق کے مطابق کہکشاؤں سے باہر بھی بےشمار ستارے ہیں

'جنرل سائنس' میں موضوعات آغاز کردہ از پاکستانی55, ‏8 نومبر 2014۔

  1. پاکستانی55
    آف لائن

    پاکستانی55 ناظم سٹاف ممبر

    شمولیت:
    ‏6 جولائی 2012
    پیغامات:
    98,397
    موصول پسندیدگیاں:
    24,234
    ملک کا جھنڈا:
    [​IMG]
    آسمان میں اس سے کہیں زیادہ روشنی ہے جس کی توجیہ کہکشاؤں سے آنے والی روشنی سے کی جا سکتی ہے
    ----------------------------------------------------------------------------
    کائنات کے پس منظر سے آنے والی روشنی پر کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ کائنات میں پائے جانے والے ستاروں میں سے آدھے کے لگ بھگ ستارے کہکشاؤں کے اندر نہیں بلکہ کہکشاؤں کے درمیان موجود خلا میں پائے جاتے ہیں۔
    یہ تحقیق دو کیمروں کی مدد سے کی گئی جنھیں ایک راکٹ کے ذریعے کرۂ ہوائی سے باہر بھیجا گیا تھا۔
    گرد و غبار اور کہکشاؤں سے آنے والی روشنیوں سے ہونے والی مداخلت کو نفی کر دینے کے بعد دیکھا گیا کہ باقی ماندہ روشنی کے اندر ہلکی ہلکی لہریں پائی جاتی ہیں۔
    سائنس دانوں نے جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ روشنی ان تنہا ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں کے تصادموں کے دوران کہکشاؤں سے خارج ہو گئے تھے۔
    لیکن دوسرے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ روشنی تنہا ستاروں سے نہیں بلکہ بہت دور واقع کہکشاؤں سے آ رہی ہے۔
    امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے پروفیسر جیمی بوک اس تحقیق کے مصنفین میں سے ایک ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کہکشاؤں کے باہر سے آنے والی روشنی ایک قسم کی ’کائناتی دمک‘ ہے۔
    انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’یہ بہت دھندلی ہے، لیکن بنیادی طور پر کہکشاؤں کے درمیاں خلا تاریک نہیں ہے۔ اور یہ وہ کل روشنی ہے جو کہکشاؤں اور ستاروں نے کائنات کی تاریخ کے دوران تخلیق کی ہے۔‘
    اس سے قبل روشنی کی پیمائشوں سے معلوم ہوا تھا کہ آسمان میں اس سے زیادہ روشنی ہے جس کی توجیہ کہکشاؤں سے آنے والی روشنی سے کی جا سکتی ہے۔
    اس کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں: یا تو یہ دور افتادہ، قدیم کہکشاؤں سے آنے والی روشنی ہے، یا پھر اس کا ماخذ کہکشاؤں سے باہر پائے جانے والے ’آوارہ‘ ستارے ہیں۔
    پروفیسر بوک کی ٹیم نے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے 2010 اور 2012 میں دو راکٹ خلا میں بھیجے، جس کے دوران انھوں نے زمین کے کرۂ ہوائی سے باہر جا کر انفرا ریڈ کیمروں کی مدد سے آسمان کی وائیڈ اینگل تصاویر لیں۔
    دو بار تصاویر لینے کے باعث سائنس دانوں کو نظامِ شمسی کے اندر موجود گرد و غبار کے باعث ہونے والی مداخلت کو نفی کرنے کا موقع ملا۔
    [​IMG]
    ماہرینِ فلکیات یہ تو جانتے تھے کہ ستارے کہکشاؤں سے خارج ہو جاتے ہیں لیکن انھیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی تعداد اس قدر زیادہ ہو گی
    ------------------------------------------------------------------------
    جب ان تصاویر سے کہکشاؤں کو بھی نفی کر دیا گیا تو سائنس دانوں کے پاس صرف خلا کی تصاویر رہ گئیں۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس خلا میں موجود روشنی کی نیلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ان ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں سے باہر نکل گئے ہیں۔
    پروفیسر بوک کہتے ہیں: ’اگر یہ روشنی دور افتادہ کہکشاؤں سے آ رہی ہوتی تو اس کا رنگ سرخی مائل ہوتا۔‘
    رپورٹ کے مطابق ان تصاویر میں موجود روشنی سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہکشاؤں سے باہر بھی تقریباً اتنے ہی ستارے پائے جاتے ہیں جتنے کہکشاؤں کے اندر ہیں۔
    ’ماہرینِ فلکیات یہ تو جانتے تھے کہ ستارے کہکشاؤں سے خارج ہو جاتے ہیں لیکن انھیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی تعداد اس قدر زیادہ ہو گی۔‘
    تاہم دوسرے ماہرین نے اس تحقیق پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں کوئی حتمی بات جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
    http://www.bbc.co.uk/urdu/science/2014/11/141107_star_outside_galaxies_zis
     
    بسمہ ناز نے اسے پسند کیا ہے۔

اس صفحے کو مشتہر کریں