1. اس فورم پر جواب بھیجنے کے لیے آپ کا صارف بننا ضروری ہے۔ اگر آپ ہماری اردو کے صارف ہیں تو لاگ ان کریں۔

-----افاعیل تفاعیل--------6

'اردو شاعری' میں موضوعات آغاز کردہ از ًمحمد سعید سعدی, ‏23 ستمبر 2018۔

  1. ًمحمد سعید سعدی
    آف لائن

    ًمحمد سعید سعدی ممبر

    شمولیت:
    ‏19 جون 2016
    پیغامات:
    252
    موصول پسندیدگیاں:
    245
    ملک کا جھنڈا:
    6- بحریں
    میں نے کہا تھا کہ کل ملا کر اُنیس بنیادی بحریں یا بحور ہیں۔ یہ بحریں ارکانِ عشرہ ہی کے مختلف مجموعے ہیں۔ ارکانِ عشرہ کے بدون کوئی بحر نہیں بن سکتی۔ بحریا تو سالم بحر ہوگی یا مزاحف۔ مزاحف بحور کی بات ہم بعد میں کریں گے۔ فی الحال سالم بحور۔ اِن کی دو اقسام ہیں: مفرد اور مرکب۔ مفرد بحور وہ ہیں جن میں ایک ہی رکن کی تکرارہوتی ہےاورمرکب بحوروہ ہیں جو مختلف ارکان سے بنی ہیں۔
    مفرد بحور تعداد میں سات ہیں۔ اُن کی تفصیل اس طرح ہے:
    بحرِ ہَزَج مثمن سالم
    مفاعیلُن مفاعیلُن مفاعیلُن مفاعیلُن
    عربی میں آٹھ کو ثمانیہ کہتے ہیں۔ اورجو آٹھ عدد کا ہو اُسے مثمن کہتے ہیں۔ عروض میں مثمن کا مطلب ہے ہر مصرع میں چار ارکان اور شعر میں آٹھ ارکان۔ سالم کا مطلب یہ ہے کہ ارکان میں کسی قسم کی کانٹ چھانٹ یا کتربیونت نہیں ہوئی ہے۔ لہٰذا ہزج مثمن سالم کا مطلب ہوا کہ مفاعیلن بغیر کسی کتربیونت کے ایک مصرع میں چار بار اور شعر میں آٹھ بارآیا ہے۔ اگر چھ بار آئے یعنی ہر مصرع میں تین بارتو اسے مسدس کہیں گے اور چار بار یعنی ہر مصرع میں دو بارآئے تومربع۔ دو ارکان سے کم کی بحر نہیں ہوتی۔ یہ اور بات ہے کے شاعروں نے ایک رکن کی بحر میں بھی طبع آزمائی کی ہے۔

    2) بحرِ رَمَل مثمن سالم
    فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن
    یہ بحر سالم شکل میں مستعمل نہیں ہے۔

    3) بحرِ رَجَز مثمن سالم
    مُستَفعِلن مستفعلن مستفعلن مستفعلن

    4) بحرِ مُتَقارِب مثمن سالم
    فَعُولُن فعولن فعولن فعولن

    5) بحرِ مُتَدارِک مثمن سالم
    فاعِلُن فاعلن فاعلن فاعلن

    6) بحرِ وافِرمثمن سام
    مفاعِلَتَنْ مفاعلتن مفاعلتن مفاعلتن

    7) بحرِ کامل مثمن سالم
    مُتَفاعِلُن متفاعلن متفاعلن متفاعلن

    مرکب بحریں بارہ ہیں۔ اِن کی افاعیل ملاحظہ فرمائیں:

    بحرِ مُضارِع مثمن سالم:
    مفاعیلن فاع لاتن مفاعیلن فاع لاتن
    یہ بحر سالم شکل میں اردو میں استعمال نہیں کی جاتی۔ اگر کوئی کرے تو اُسے ناواقف سمجھا جائیگا۔

    2)بحرِ مُجْتَثْ مثمن سالم
    مُسْ تَفعِ لُن فاعلاتن مس تفع لن فاعلاتن
    یہ بحر بھی سالم استعمال نہیں کی جاتی۔

    3) بحر، مُنسَرِح مثمن سالم
    مُستَفعِلُن مَفْعُولاتُ مستفعلن مفعولاتُ
    اس بحر کو بھی سالم نہیں برتا جاتا۔

    4) بحرِ مُقتَضِب مثمن سالم
    مفعولاتُ مستفعلن مفعولاتُ مستفعلن
    یہ بھی سالم شکل میں مستعمل نہیں ہے۔

    5) بحرِ سَرِیع مثمن سالم
    مستفعلن مستفعلن مفعولاتُ
    سالم شکل میں یہ بحر بھی استعمال نہیں ہوتی۔

    6) بحرِ خَفِیف مثمن سالم
    فاعلاتن مس تفع لن فاعلاتن مس تفع لن
    سالم مستعمل نہیں ہے۔

    7) بحرِ طویل مثمن سالم
    فعولن مفاعیلن فعولن مفاعیلن

    8) بحرِ مدید مثمن سالم
    فاعلاتن فاعلن فاعلاتن فاعلن

    9) بحرِ بسیط مثمن سالم
    مستفعلن فاعلن مستفعلن فاعلن

    10) بحرِ قریب مسدس سالم
    مفاعیلن مفاعیلن فاع لاتن
    یہ بحر مسدس ہے۔ اس کی مثمن شکل نہیں ہے۔ مسدس شکل بھی سالم استعمال نہیں کی جاتی۔

    11)بحرِ جدید مسدس سالم
    فاعلاتن فاعلاتن مس تفع لن
    اس بحر کی بھی مثمن شکل نہیں ہے۔ مسدس البتہ سالم مستعمل ہے۔

    12) بحرِ مَشاکِل مسدس سالم
    فاع لاتن مفاعیلن مفاعیلن
    اس بحر کی بھی مثمن افاعیل نہیں ہے۔ مسدس سالم استعمال کرسکتے ہیں۔
    قدیم علمِ عروض کے مطابق یہی 19 بنیادی بحریں ہیں۔ جدید عروض میں چند اور بحریں بھی ملتی ہیں۔ اِن میں بحرِ جمیل مثمن سالم (مفاعلاتن مفاعلاتن مفاعلاتن مفاعلاتن) قابلِ ذکر ہے۔
    اس مقام پر مزید چند اصطلاحات سے واقف ہونےکی کوشش کریں گے۔ عملی طور پر تقطیع میں ان کا استعمال کم ہوتا ہے۔ مگر جان لینا بہتر ہے۔
    ہم نے دیکھا کہ ہرمثمن بحر میں ارکان پہلے مصرع میں چارمرتبہ اور دوسرے مصرع میں بھی چار مرتبہ آتے ہیں۔ مسدس ہو تو تین تین بار اور اگر مربع ہو تو دو دو بار۔ مربع سے کم کی بحر نہیں ہوتی۔
    پہلے مصرع کے پہلے رکن کو صدر کہتے ہیں اور آخری رکن کوعروض۔ درمیان میں جو دو ارکان آتے ہیں وہ حشْوْ کہلاتے ہیں۔ مسدس بحر میں ایک ہی حشو ہوتا ہے اور مربع بحر میں کوئی حشو نہیں ہوتا۔ دوسرے مصرع کے پہلے رکن کو ابتدا، درمیانی ارکان کو حشو، حشو اور آخری رکن کو ضَرْب کہتےہیں۔
    باقی آئندہ، ان شاء اللہ۔
    پچھلی قسطوں کے لئے میرا پیج :میری ادبی کاوشات' دیکھیں۔

    (تحریر : عبدالسلام)
     
    زنیرہ عقیل نے اسے پسند کیا ہے۔

اس صفحے کو مشتہر کریں